میونسپل کارپوریشن اردو پرائمری اسکول نمبر 55 میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح
مالیگاؤں، 11 فروری 2026:
میونسپل کارپوریشن اردو پرائمری اسکول نمبر 55 میں جدید سہولیات سے آراستہ کمپیوٹر لیب کا افتتاح آج ایک باوقار اور تعلیمی ماحول میں عمل میں آیا۔ اس افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ شیخ نسرین شیخ خالد حاجی (میئر، مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن) تھیں، جنہوں نے ربن کاٹ کر کمپیوٹر لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
یہ پروگرام قاضی ناظم الدین سعید الدین (ہیڈ ماسٹر، اسکول نمبر 55) کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔ اس موقع پر معاون اساتذہ حسن سر، ناظمہ آپا، اعجازالنسا آپا، نفیسہ آپا اور عرشین مس موجود تھیں۔ نیز سرپرست حضرات اور طلبہ کی کثیر تعداد نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ میئر شیخ نسرین شیخ خالد حاجی نے کہا کہ
"یہ میرے لیے فخر اور مسرت کا لمحہ ہے کہ میں اپنے ہی سابقہ اسکول نمبر 55 میں آج تعلیمی ترقی کا مشاہدہ کر رہی ہوں۔ میں اسی اسکول کی طالبہ رہی ہوں اور آج یہاں کمپیوٹر لیب کا قیام دیکھ کر دل بے حد خوش ہوا۔ یہ ادارہ عصری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔"
انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کو باصلاحیت اور بااعتماد بنانے کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔
ہیڈ ماسٹر قاضی ناظم الدین سعید الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ
" کمپیوٹر لیب کے قیام کا مقصد طلبہ کو جدید علوم سے آشنا کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ ہم میئر صاحبہ اور تمام معاونین کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت یہ تعلیمی سہولت ممکن ہو سکی۔"
آخر میں مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا گیا اور ملک و قوم کی تعلیمی ترقی اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی گئی۔ رسم شکریہ سمو پرمکھ عبداللہ سر نے ادا کی پروگرام خوشگوار اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوا۔


No comments:
Post a Comment